آج عالمی یوم بیت الخلا ہے۔ بیت الخلا کا ہماری زندگی میں بہت اہم کردار ہے جس کے مختلف پہلوؤں پر آگے جاکر بات کریں گے۔ سر دست اسکی وجہ تسمیہ کا ذکر ہوجائے۔ بیت الخلا عربی زبان کا لفظ لگتا ہے۔ بیت تو گھر کو کہتے ہیں الخلا کا مطلب لامحالہ خلا ہی ہوگا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسے خلا کا گھر کیوں کہا جاتا ہے۔ ہر خالی جگہ خلا کا ہی گھر ہوتا ہے۔ غور و خوض کے بعد اسکی جو وجہ سمجھ آتی ہے وہ یہ ہے کہ صبح صبح سب سے پہلا کام بیت الخلا جانا ہی ہوتا ہے۔ صبح کھانے پینے سے پہلے پیٹ میں خلا پیدا کرنے کیلئے اسی جگہ کا استعمال کیا جاتا ہے شاید اسی وجہ سے اسے بیت الخلا کہا جاتا ہے۔ اسکا عربی نام ہی اردو نے قبول کیا یا پھر انگریزی ٹائلٹ۔ اردو میں اگر اسکے لئے اپنا نام بنایا جاتا تو وہ سننے میں شاید اتنا بھلا نہ لگتا۔ مثلاً جائے بول و براز تو بالکل اچھا نہ لگتا۔
اسکی ہماری زندگی میں ایک اہمیت کا تو اوپر ذکر ہو ہی گیا اسکے علاؤہ بھی اسکے بہت سے مصارف ہیں۔
یہ دنیا کی واحد جگہ ہے جہاں آپ کو تنہائی میسر ہوتی ہے۔ یہاں آپ جو کرنا چاہتے ہیں کر سکتے ہیں۔ یعنی جو کام آپ کہیں نہیں کرسکتے وہ یہاں بے فکری سے کر سکتے ہیں۔ مثلاً بچپن میں ہم امتحان کے دنوں میں ناول چھپا کر اندر لے جاتے تو باہر سے جب تک کسی کی آواز نہ آتی نہ نکلتے۔ تاخیر سے نکلنے کی وجہ پیٹ کا درد بتایا کرتے۔ آج کل قابل اعتراض قسم کی فون کالز اور مسیجز کیلئے بھی یہ ایک محفوظ پناہ گاہ سمجھی جاتی ہے۔
بیت الخلا کا تخلیقی ادب، تجریدی آرٹ اور دیگر فنون لطیفہ و فنون غلیظہ کی آبیاری اور ترویج و اشاعت میں بھی اہم کردار ہے۔ ہر گانے والا اپنی گلو کاری کی ابتداء یہیں سے کرتا ہے۔ عوامی بیت الخلا جہاں کہیں بھی ہوں سکول، کالج، ہاسٹلز، بس، ریلوے سٹیشن یا پھر سڑک کنارے بنے ہوٹلوں کے، سب میں بے ادبی کی حدوں کو پھلانگتے ادب کے نادر و نایاب نمونے ملتے ہیں۔ محبت و نفرت کا اظہار ہو یا شعر وشاعری کا شوق سب یہیں آکے پورے کئے جاتے ہیں۔ فن مصوری کے بھی نایاب نمونے دیکھے جاسکتے ہیں۔ گویا ہماری ساری تخلیقی صلاحیتیں یہیں کھل کر سامنے آتی ہیں۔ گویا بیت الخلا میں جسم کے جس حصے سے جو کچھ بھی برآمد ہوتا ہے اسکا معیار وہی ہوتا ہے جس چیز کے اخراج کیلئے یہ مخصوص جگہ بنائی جاتی یے۔
بہرحال بیت الخلا کی اہمیت سے انکار کسی صورت ممکن نہیں۔ جہاں جسم میں فاضل مادے جمع ہوکر جسم کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں وہاں دل دماغ میں بھی فاسد خیالات جمع ہوکر نقصان کا باعث بن سکتے ہیں اور بیت الخلا دونوں کے اخراج کیلئے یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ تمام احباب کو عالمی یو بیت الخلا مبارک ہو۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں