ہفتہ، 20 اکتوبر، 2018

تھام کر ہاتھ چلا عشق ہو رہبر جیسے

ہم   نہ   تھے    طالع   مسعود   سکندر   جیسے
اور  دنیا   بھی   نہ   چھوڑی   ہے   قلندر جیسے
جب تیرے در  سے  اٹھائے  گئے   محسوس  ہوا
آسماں   زور   سے   پٹخا   ہو   زمیں  پر جیسے
آنکھ   چھلکی  ہے  تمہیں دیکھ کے حیران نہ ہو
چودھویں  رات   کو  بپھرا   ہو  سمندر   جیسے
کیسے گزرے ہیں شب و روز بچھڑ کر تم  سے
صبح   تا   شام   چلے   جسم   پہ  خنجر جیسے 
میں بھی پیاسا تھا ذرا  دید  کی  خواہش  کرکے
حلق   میں   تیر   لگا  ہے  علی اصغر  جیسے 
سیف معلوم نہ تھے دشت کے  رستے   پہلے
تھام  کر  ہاتھ   چلا   عشق   ہو   رہبر  جیسے



سیف اللہ خان مروت

چند رشتے مٹا رہا ہوں میں

  چند     رشتے    مٹا رہا  ہوں میں
ضبط    کو     آزما    رہا  ہوں  میں
خود  کو خود سےادھیڑ   بیٹھا   تھا
خود کو  خود  سے ملا رہا ہوں میں
رشتے ناطے ہیں سارے دو پل کے
بخدا   سچ   بتا    رہا     ہوں    میں 
جان   و   دل   کہ  سدا رہے مرہون
ہار   کر   روح    آرہا    ہوں    میں 
منہ    کا     اب    ذائقہ   بدلنے   کو
شوق   سے  دھوکہ کھا رہا ہوں میں
تم    کو    مبروک    ہو   نئی    دینا 
تیری دنیا سے  جا   رہا   ہوں    یں
قصر   خوابوں   کا   نا مکمل    تھا
اب   مکمل     ڈھا   رہا   ہوں   میں 


سیف اللہ خان مروت

آگہی میں عذاب کتنے ہیں



آگہی    میں    عذاب     کتنے   ہیں
بے   خودی   میں حساب کتنے ہیں
درد     غصہ       حیا       پریشانی 
ایک   رخ   پر   نقاب    کتنے   ہیں
اک   ذرا    نیند    کی   محبت  میں
تم نے کھوئے جو خواب کتنے ہیں
گھر  میں  تنہائیوں   کا  ڈیرہ   ہے
ہم   بھی   خانہ  خراب  کتنے  ہیں
دشت   بتلا   کہ تھک گیا ہوں میں
اور  آگے    سراب     کتنے   ہیں
میں   نہ  ابجد سے بڑھ سکا آگے
عشق   تیرے   نصاب  کتنے  ہیں


سیف اللہ خان مروت

جو تیرے در سے گھر سے گیا ہوگا


جو   تیرے  در   سے   گھر   گیا   ہوگا
لازمی     ہے      وہ     مر   گیا   ہوگا
زرد    پتے   گرا   رہے    ہیں    شجر
عشق    چھو     کر    گزر    گیا   ہوگا
میکدے   سے    نکلتے    دیکھا    ہے
شیخ    شاید      سدھر       گیا     ہوگا
درد   کا     مستقل        علاج     نہیں
ایک      دو      پل    ٹھہر   گیا   ہوگا
ٰغیر   ممکن    ہے   بے   وفا    نکلے
وہ   زمانے   سے    ڈر     گیا    ہوگا
کیسے مانوں کہ  وہ   رقیب   کا   ہے
کوئی      الزام      دھر     گیا   ہوگا
یہ جو خوشبو سی اک ہواوں میں ہے
دیکھ     لینا       ادھر     گیا     ہوگا

سیف اللہ خان مروت

تمہیں جو چاند چمکتا دکھائی دیتا ہے

تمہیں   جو  چاند  چمکتا  دکھائی  دیتا  ہے
مجھے فلک  پہ  سلگتا  دکھائی   دیتا   ہے
قصور   دل  کا  ہے  کچھ  یا فتورِ  بینا ئی
ہر اک شخص ہی تجھ سا دکھائی  دیتا ہے
غم  فراق  کو  نسبت  خزاں سے کتنی ہے
وہ  ایک  زرد  سا   پتا   دکھائی  دیتا  ہے
ہزاروں یادوں کے انبوہ نے  اسے  گھیرا 
جو شخص تم کو یوں تنہا دکھائی دیتا ہے
بدل کے سمت ہوائیں ادھر ہی  چلتی  ہیں
جدھر  چراغ  لزرزتا  دکھائی   دیتا   ہے

سیف اللہ خان مروت

بشکل وقت میں شام و سحر میں رہتا ہوں

بشکل   وقت   میں  شام  و سحر میں رہتا ہوں
بچھڑ  کے  تجھ سے ہمیشہ سفر میں رہتا ہوں
کیا  ہے  ضبط  وہ  رویا نہیں  ہوں  مدت   سے
وہ  ایک  اشک  ہوں  جو جشم تر میں رہتا ہوں
گنوا   نہ   وقت   اے    ناصح   اثر   نہیں   ہوگا
میں   بعد   شام   جہانِ   دگر   میں    رہتا   ہوں
جو  ہوتا   خاک   تو    آندھی   اڑا   رہی    ہوتی
نشان  گل  ہوں   نسیمِ   سحر   میں   رہتا   ہوں
بڑھاو    تیرگی   مجھ  کو  اور   بھی   چمکا  دو
میں روشنی ہوں چراغ و  شرر  میں  رہتا  ہوں
نہ سنگ اٹھاوں گا مجنوں پہ میں کسی  صورت
خود اہل شوق ہوں شیشے کے گھر میں رہتا ہوں
نہ  جانے  کونسا  جادو  ہے   اسکی آنکھوں میں
میں ایک عمر سے  اسکے  اثر  میں  رہتا  ہوں
سیف اللہ خان مروت



ہجر کا درد بہت زیادہ ہے

ہجر   کا   درد   بہت   زیادہ   ہے
دل   بغاوت   پہ   اب     آمادہ   ہے
غم کا کچھ اور  مداوا  بھی   تو   ہو
جام   ہے   ہم   ہیں   اور   بادہ ہے
میں   تو   تم   پر    نثار   ہو  جاوں
تیرا   تم    جانو     کیا    ارادہ  ہے
خود سے اسکو ادھیڑ کر دیکھا ہے
روح  آدھی  ہے   دل  بھِی آدھا ہے
نہ  اشاروں  میں اس سے بات کرو
سیف    طبعا   بہت  ہی  سادہ  ہے
سیف اللہ خان مروت

جانے کیا کیا دبا ہے سینے میں

جانے کیا کیا  دبا ہے  سینے میں 
دل نہیں لگ  رہا  ہے جینے میں
میں  کہ  خود  میں نہیں رہا باقی
پھر بھلا  حرج کیا ہے پینے میں
وہ بھی رویا لپٹ کے ساحل سے
چھید کرکے  میرے  سفینے  میں
سخت  جانی  پہ میری حیراں ہے
جان    کتنی    ہے    آبگینے  میں
کھا  کے  تن  پر  ہزار ہا  ضربیں
سنگ تب  ڈھل  گیا   نگینے  میں
تو  نہیں      پیش     آئینہ     لیکن 
عکس   باقی   رہا     آئینے    میں
چھوڑئیے ضد یہ زخم سی دیجئے
عار ہی کیا  ہے  زخم  سینے  میں

سیف اللہ خان مروت


رقص


چاروں  جانب درد رقصاں ہے
بچہ  عورت  مرد  رقصاں ہے
درد  میرا  تھا  پھر جانے کیوں
تڑپے  ہر  اک فرد رقصاں ہے
جب  میں  پلٹا اس کے در سے
رستہ  رویا  گرد  رقصاں  ہے
اس کی انگوٹھی  میں  لگ  کر
دھات پتھر لاجورد رقصاں ہے
درد میں  شاید  کچھ  کمی  ہے
آمد  بند  آورد     رقصاں   ہے

نہ لگاو زخم نئے ابھی کہ پرازنے زخم ادھڑ گئے

نہ  لگاو   زخم   نئے    نئے   کہ   پرانے   زخم   ادھڑ   گئے

نہ  چلے  تھے  ساتھ  میں  دو قدم سر راہ جن سے بچھڑ گئے

میں  تیری   تلاش   میں   چل   دیا  سر  راہ  تجھ  کو  پکار تا

جو  قدم  کے  آبلے  مٹ  گئے  تو  زباں  میں  آبلے  پڑ  گئے

میری  مانگ  عمر  دراز  تھی  جو  طویل تر شب غم سے ہو

پھر اک عمر  غم  میں گزار دی شب وصل لمحے سکڑ گئے

یونہی لغو دعوی ہے سائنس کا کہ سمٹ رہی ہے یہ کہکشاں

کہ  ہمارے  بیچ  کے فاصلے تو پلک جھپکتے ہی بڑھ گئے

نہ  لبوں  پہ  اب  تیرا  نام  ہے جو لکھا تھا دل پہ وہ مٹ گیا

جہاں مل کے نام لکھے کبھی وہ درخت جڑ سے اکھڑ گئے


سیف اللہ خان مروت

مریض عشق کا اس طور دم نکلتا ہے

مریض  عشق  کا اس  طور  دم  نکلتا ہے

کہ جیسے شمع کا لو سے بند پگھلتا ہے

بہل نہ پایا جو سارے جہاں کے  میلوں  میں 

تمہاری  ایک  نظر  سے  وہ  دل  بہتا   ہے 

میری  نقاہت  جاں  کا سبب جو پوچھے ہو

میاں یہ عشق ہے  خون جگر سے پلتا ہے

میں جسکی  ایک  نظر  کیلئے  ترستا  تھا

میرے  لئے  وہ پس  مرگ  ہاتھ  ملتا  ہے

سیف اللہ خان مروت

خود فریبی ثواب ہے گویا

خود   فریبی   ثواب  ہے گویا 

آگہی   اک   عذاب   ہے  گویا 

کوئی منزل نہ راستے کا نشاں

زندگی  بھی  سراب  ہے  گویا 

اب کہ دنیا نے پھیر لی آنکھیں 

اپنی  حالت  خراب   ہے  گویا

خوگرِ غم کو بادہ کش نہ سمجھ 

غم  بھی  لیکن  شراب ہے گویا

عمر گزری  تیری  تلاوت میں 

تو  بھی  نازل  کتاب  ہے گویا

اشک بے رنگ بے اثر ہی رہا
مانگ  انکی  خوناب ہے گو یا
سیف اللہ خان مروت 

تم ہی بتاو بھلا تم کو اور کیا دیں گے؟


تم   ہی  بتاو   بھلا   تم  کو اور کیا دیں گے
فقیر لوگ ہیں ہم تو میاں   دعا   دیں   گے
ثبوت   چاہئے   تم   کو   میری   محبت  کا 
تیری جفاوں کے بدلے میں ہم وفا دیں گے
مریض عشق ہوں یہ جانتے ہوئے بھی وہ 
بدون     دید    اور  کونسی  دوا  دیں  گے
انہیں گلہ کہ نہ دل کی کبھی  کہی  ان  سے
جو ہم کہیں تو وہ دل  کی  ہمیں بتا دیں گے
نہ  ان  کا  ذکر  کرو  تاک میں ہے رسوائی 
سبھی کے سامنے آنسو تیرے دغا دیں گے

سیف اللہ خان مروت

کیوں نہ سوئے دشت جاوّں

میں نہیں شاعر یہ سب  اشعار   بھی   میرے   نہیں

تو   تخیل   میں   ہے  تو   افکار  بھی  میرے  نہیں 

کیسی    تنہائی   ہے   کوئی   بھی   نہیں   میرا  یہاں

اپنے   تو   میرے   نہ تھے   اغیار  بھی میرے نہیں

کشتی    موجوں   کے   حوالے کرکے میں بیٹھا رہا

نا خدا   اپنا   نہیں     پتوار     بھی     میرے    نہیں 

ایک دل میں گھر کی خواہش میں سبھی کچھ لٹ چکا

اپنے ہی گھر  کے   درو   دیوار   بھی   میرے   نہیں

کیوں   نہ   سوئے  دشت  جاوں قیس کا مہماں بنوں

دیر  حرم  میرے   نہ   تھے  دربار  بھی میرے نہیں

سیف اللہ خان مروت

جمعہ، 19 اکتوبر، 2018

انضمام

تیرے     خیال    سے    لڑتا   رہا   بہلتا   رہا
میں قطرہ  قطرہ  برف  کی  طرح  پگھلتا  رہا

اب کہ میں میں نہ رہا  اور تم بھی تم نہ رہے
تو مجھ میں آتا رہا ہے میں تجھ میں ڈھلتا رہا

شجر ممنوعہ

درد  ایسا  بھی  کیا  جس  کو سہا جا نہ سکے
ساری دنیا سے کہا اس سے  کہا  جا نہ سکے

مجھ کو ادراک ہے ممنوعہ  شجر  ہے  لیکن
ابن  آدم  ہوں  بنا  کھائے  رہا  جا  نہ  سکے

سیف اللہ خان مروت

مقید

جولائی ۲۰۱۷ میں سکردو سے گلگت جاتے ہوئے استک نالے پر ہم لینڈ سلائیڈنگ میں پھنس گئے تھے۔ رات گئے وہیں ایک بڑے پتھر پر بیٹھا پہاڑوں کے پیچھے سے چاند نکلنے کا نظارہ کر رہا تھا۔ اس وقت جو ذہن میں آیا لکھ دیا۔ یہ تکنیکی اعتبار سے غزل تو نہیں کہلائی جائے شاید لیکن جو کچھ بھی ہے آپ کی نذر ہے۔

سامنے  دریا   تھا   میرے   پشت  پہ کوہسار تھے 
میں تھا تنہائی تھی  زلف   یار  تھی  رخسار  تھے
 تیری  ہمراہی  میں  باقی  سب  خیال بے کار تھے
ہے حسیں امروز  جب  تو  فکر  فردا  کیوں  کروں
کس قدر بے معنی سے واعظ کے سب اصرار تھے
دائیں   جانب   چاند   تھا   بائیں  طرف   تیرا   جمال 
اک   ذرا  سی   چاندنی    باقی    تیرے  انوار  تھے 
اسکی خواہش تھی کوئی  ایک  شعر  اسکے  نام  ہو
وہ  مگر   عنواں   رہا  جتنے   میرے   اشعار  تھے
میں کہاں شاعر   تھا   لفاظی   مجھے   آتی  نہ  تھی
مجتمع  اس  نے  کئے  بکھرے  میرے  افکار  تھے
سیف  نا   سجھی   تیری   تھی   اسکو  نہ  الزام  دو
اس  کے  ہر  انکار  میں  پوشیدہ  سو  اقرا ر   تھے

یہ مر نہ جائے کہیں اس قدر ملال سے دل

بہل جو پاتا تو کب تک تیرے خیال سے دل

یہ مر نہ جائے کہیں اس قدر ملا ل سے دل

بنا  ہے  میرا   نہ  اپنا  بنا  سکے   مجھ   کو

جو نکلے بھی تو بھلا کس طرح وبال سے دل

نکل  کے  دل   سے  مجسم  بھی  سامنے   آوّ

کہ بھر نہ جائے کہیں پھر تیرے وصال سے دل

تو  لیت  و  لعل  نہ  کر  مے  پلائے  جا  ساقی

یہ  ٹوٹ  سکتا  ہے تیرے کسی سوال سے دل

جو  ہم  رکاب  رہا  ہے   عروج   کا   کل  تک

یہ فطری بات ہے گھبرائے گا زوال  سے  دل


آگہی


شکست خوردہ


تلخیاں


صبح تا شام چلے جسم پہ خنجر جیسے


ٹماٹر


میں اس بستی کا باسی ہوں


جمعرات، 18 اکتوبر، 2018

صفائی


اے محبت تیرے انجام پہ رونا آیا




اے محبت تیرے انجام پہ رونا آیا
یہ شعر کچھ عرصہ پہلے میرے بہت ہی عزیز دوست ذیشان رشید کی دیوار پہ دیکھا۔ دل تو کر رہا تھا کہ وہیں تبصرہ کردوں لیکن ملاقات ہوئے کافی عرصہ ہوگیا اور آخری ملاقات اتنی مختصر تھی کہ تشنگی باقی رہ گئی اور مجھے باقاعدہ گستاخی کا موقع نہیں مل سکا۔ ایسا بھی نہیں کہ میں فطرتا گستاخ ہوں لیکن ذیشان بھائی واحد بزرگ دوست ہیں جن کی شان میں میں گستاخی باقاعدہ کرتا ہوں باقیوں کی شان میں مجھ سے گستاخی ہوجاتی ہے۔ بسا اوقات یہ خود فرمائش کرکے گستاخی کرواتے ہیں۔ اگر دو گستاخیوں کا درمیانی وقفہ بڑھ جائے تو وہ نہ صرف اسکو میری صحت بلکہ نیت کی خرابی بھی سمجھنے لگتے ہیں۔ اس شعر کے حوالے سے اعتراضات تو مجھے ہمیشہ سےرہے ہیں لیکن ذیشان بھائی نے جب اپنی دیوار پر پوسٹ کیا تو میرے لئے دعوت کی بجائے ایک حکم کا درجہ رکھتا تھا کہ اس پر تفصیلی تبصرہ کروں۔
سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ محبت کوئی گائے بھینس یا بکری تو ہے نہیں کہ پالنے کے بعد آپ کو بہت سارے دوسرے فوائد کیساتھ دودھ بھی دینے لگ جائے۔ محبت کرکے کسی فائدے کی توقع رکھنا ایسا ہی ہے جیسے شیر پال کر اس سے دودھ دوھنےکی بھی توقع رکھی جائے۔ اور پھر محبت کا انجام کونسا کوئی ڈھکا چھپا ہے؟ محبت زیادہ سے زیادہ دو ہی صورتوں پر منتج ہوسکتی ہے یا تو ناکام ہوکر شادی ہوجاتی ہے یا پھر کامیاب ہوکر جدائی۔ اور رونا دونوں صورتوں میں لازم ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اوّل الذکر صورت میں چھپ کر اور چپکے چپکے رونا پڑتا ہے اور مؤخرالذکر صورت میں ببابگ دہل اورسر عام۔
ادب کو شاید ادب اسی لئے کہا گیا ہے کہ یہ مختلف چیزوں کو بڑے پرکشش نام  دے دیتا ہے مثلاً رونے دھونے کو اگریہ و زاری، اپنے کپڑے خود پھاڑنے یا محبوب کے عزیزواقارپ کے ہاتھوں پھڑوانے کو چاق دامانی، اور اپنے اوپر لگنے والے تمام سچے الزامات کو تر دامنی اور پھر ان تمام کو اکٹھا کرکے شاعری کا نام دے دیا جاتا ہے۔ جون ایلیا مرحوم ایک سچے شاعر تھے اسلئے سچ بول گئے۔ فرماتے ہیں 
فلاں سے تھی غزل بہتر فلاں کی 
فلاں کے زخم اچھے تھے فلاں سے
 تاریخ کی کونسی کتاب میں لکھا ہے کہ مجنوں محبت کرکے اسٹروناٹ بن گیا تھا اور خلا میں جاکر نئے سیارے دریافت کرکے آیا تھا؟ مجھے تو ایسی کوئی کتاب نظر نہیں آئی۔ وہ بھی تو صحراؤں کی خاک چھانتا رہا تھا۔ سوہنی محبت کرکے کونسا سومنگ کی اولمپک چیمپین بنی تھی؟ وہ بھی تو اتاولی ہوکر کچا گھڑا اٹھا کر لے گئی اور دریا میں کود کر مر گئی۔ حالانکہ کہا جاتا ہے کہ وہ پانی سے اتنی ڈرتی تھی کہ جب بھی ماں دریا کنارے کپڑے دھونے یا گھڑا بھر لانے کو کہتی تو اسکا یہی بہانہ ہوتا کہ مینو وگدے پانڑی توں ڈر لگدا۔ لیکن تمام تر کام چوری کے باوجود جب محبت کی تو اسی محبت کے ہاتھوں ڈوب گئی۔ اگر محبت کے زیر اثر نہ ہوتی تو غالب گمان یہی ہے کہ اپنی فطری کاہلی اور کام چوری کی وجہ سے کنارے کھڑے ہوکر ہی مہیوال کو آواز دیتی کہ ادھر آتے چُک کے لے جا مینو پر نہیں اسے محبت ہوگئی تھی اور محبت کا انجام یہی ہوتا ہے۔ فرہاد بھی شیریں کیلئے نہر کھود کر لایا تو کونسی انجنئیرنگ کی ڈگری ملی یا نوکری ملی؟ ارے نوکری تو چھوڑیں چھوکری بھی نہیں ملی جسکے لئے پہاڑ کھود کر نہر نکالی۔ وہ بھی مُکر گئی تھی کہ بندہ پہلے ہی پہاڑ کھود کر ایکسپائر ہو چکا ہے۔ کچھ عرصے بعد ہی جوڑوں میں درد شروع ہوجائیں گے اور گھر کا سودا سلف لانے قابل بھی نہیں ہوگا۔ لوگ کہتے ہیں فرہاد شدت غم سے مرگیا تھا میں کہتا ہوں اسکا ٹھیک سے پوسٹ مارٹم ہوجاتا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجاتا۔ صاف پتا چل جاتا کہ over-exertion کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہوا۔ تو بھائی محبت کے انجام پہ رونا کیسا؟ یہ تو نوشتہ دیوار تھا اور سرپرائز کے چانس زیروپرسنٹ تھے۔ اب آپ اگر کیکر کے درخت کو پتھر مار کر آم گرنے کی توقع کرتے ہیں تو قصور کیکر اور پتھر کا نہیں آپ کی ناجائز توقعات کا ہے۔ اسلئے رونا دھونا بند کرکے کوئی ڈھنگ کا کام شروع کردیں۔ محبت اور رونے دھونے کیلئے ابھی عمر پڑی ہے۔ ویسے بھی محبت کیلئے جتنا وقت درکار ہے میرے خیال میں یہ کام ریٹائرمنٹ کے بعد ہی کرنا چاہئے۔ تب لوگ شک بھی نہیں کرتے۔ (سیف الله خان مروت)

وہ بھیانک رات



رات ساڑھے تین کا وقت تھا۔ میری نظر گھڑی پر پڑی تو فوراً لیپ ٹاپ بند کیا اور جلدی سے بستر میں گھس کر سونے کی کوشش کرنے 
لگا۔ خیالات کا ایک ہجوم سونے نہیں دے رہا تھا۔ باہر تیز ہوا چل رہی تھی اور دور سے بادل گرجنے کی آوازیں بھی آرہی تھیں۔ نہ جانے کب میری آنکھ لگی اور میں سوگیا۔ 
اچانک میری آنکھ کھلی۔ کمرے میں گھپ اندھیرا تھا۔ بادل اب زور سے گرج رہے تھے۔ مجھے عجیب سی بے چینی ہورہی تھی۔ اٹھ کر بیٹھ گیا۔ سر میں درد ہورہا تھا۔ بجلی چمکتی تو میں اسکی روشنی میں کمرے کا جائزہ لے لیتا لیکن کمرے میں کوئی نہیں تھا۔ انجانے خوف سے میرا دل زور زور سے دھڑک رہا تھا۔ اچانک بجلی زور سے چمکی اور مجھے ہال کی کھڑکی پر ہیولا سا نظر آیا۔ اس کے بعد بجلی کی چمک میں میں اس ہیولے کو دیکھنے لگا۔ وہ کبھی دائیں اور کبھی بائیں حرکت کر رہا تھا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی کمرے میں جھانکنے کی کوشش کر رہا ہو۔ مجھے اپنی ہتھیلیوں پر پسینے کی بوندیں محسوس ہونے لگیں۔ چونکہ میرا گھر قبرستان کے بالکل سامنے ہے اور اس گھر میں آنے کے بعد پتا چلا تھا کہ یہ گھر اکثر خالی رہتا ہے کیونکہ اس میں جن بھوتوں کا ٹھکانہ ہے۔ میں یہ تعین کرنے کی کوشش میں تھا کہ یہ کوئی جن بھوت ہے روح یا پھر چور۔ پھر یہ سوچ کر کہ جن بھوت تو بند دروازے سے اندر آسکتے ہیں یہ کوئی چور ہی ہوگا۔ اب میں یہ سوچ رہا تھا کہ چور اگر آیا ہے تو خالی ہاتھ تو نہیں آیا ہوگا کوئی نہ کوئی اسلحہ اسکے پاس ضرور ہوگا۔ ہوسکتا ہے وہ ایک سے زیادہ ہوں۔ میرے پاس لے دے کےایک لاٹھی تھی۔ پہلے میں نے سوچا کہ آرام سے سو جاؤں لیکن پھر سوچا کہ نہیں اس سے چوروں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ میں نے اندھیرے میں ٹٹول کر لاٹھی اٹھائی اور دبے پاؤں کمرے سے نکل کر ہال میں آگیا۔ ہال کے دروازے کے قریب پہنچ کر کانپتے ہاتھوں سے کنڈی کھولنے لگا۔ کنڈی بہت آہستہ آہستہ کھولی جس سے کوئی کھٹکا نہیں ہوا۔ میں نے دروازے سے باہر جھانکا جہاں کھڑکی کیساتھ ہیولا نظر آیا تھا۔ میرا اوپر کا سانس اوپر اور نیچے کا نیچے رہ گیا۔ وہ جو کچھ بھی تھا انسان نہیں تھا۔ کمر کے قریب دھڑ ختم ہوگیا تھا۔ اسکی ٹانگیں نہیں تھیں ایسا لگ رہا تھا وہ ہوا میں معلق ہے۔ میں آہستہ سے پیچھے ہٹ کر دروازے کی اوٹ میں کھڑا ہوگیا۔ میرا دل زور زور سے دھڑک رہا تھا۔ میں ابھی سوچ ہی رہا تھا کہ اسکا کیا کیا جائے کہ اچانک بجلی بہت زور سے چمکی اور مجھے لگا بھوت نے حملہ کردیا۔ میں نے غیر ارادے طور پر اپنا چہرہ ہاتھوں میں چھپا لیا۔ جب بادل گرجا تو احساس ہوا کہ بجلی چمکی ہے۔ اب اور کیا کیا جاسکتا تھا میں گھر میں اکیلا اور بھوت کھڑکی کے پار منتظر۔ میں آیت الکرسی پڑھ کر خود پر پھونک دی۔ اب کچھ حوصلہ ملا۔ میں نے کانپتی ہوئی آواز میں کہا، دیکھو تم جو کوئی بھی ہو ہم چھ مہینے سے ادھر اکیلے رہ رہے ہیں کبھی ایکُدوسرے کو پریشان نہیں کیا تم مہربانی کرو اپنا راستہ لو۔ ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔ پھر میں نے جھانک کر دیکھا تو ہیولا بہت موٹا ہوتا نظر آیا۔ میں واپس اوٹ میں چھپ گیا۔ ایک بار پھر ہمت کرکے کہا، دیکھو میں صلح پسند انسان ہوں آپ نے ادھر رہنا ہے بے شک اوپر کی منزل میں رہ لیں مجھے اوپر والا پورشن نہیں چاہئے لیکن ہریشان نہ کرو۔ جیسے ہی میں نے یہ بات کی کھٹاک کی آواز آئی جیسے کچھ گرا ہو۔ میں نے جھانک کر دیکھا تو ہیولا غائب تھا۔ میں نے سکھ کا لمبا سانس لیا۔ ہاتھ بڑھا کر لائٹ جلائی تو کیا دیکھتا ہوں کہ جو شرٹ میں نے کھڑکی کے گرِل پر سوکھنے کیلئے لٹکائی تھی وہ ہنگر سمیت نیچے گری پڑی تھی۔ شرٹ اٹھا کر میں اندر آگیا۔

ye zabta hai ki baatil ko mat kahun baatil | ضابطہ | Habib Jalib

یہ ضابطہ ہے کہ باطل کو مت کہوں باطل یہ ضابطہ ہے کہ گرداب کو کہوں ساحل یہ ضابطہ ہے بنوں دست و بازوئے قاتل یہ ضابطہ ہے دھڑکنا بھی چھوڑ دے یہ د...